لندن (جیوڈیسک) دنیا بھر میں جمہوریت کا راپ الاپنے والے بھارت کا حال یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں بھی کروڑوں بھارتی بیت الخلا کی سہولت سے محروم ہیں۔ عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کی جانب سے جاری ایک مشترکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے۔
کہ دنیا میں تقریبا ایک ارب کے قریب لوگ بیت الخلا کی سہولت سے محروم ہیں جن میں سے 82 فیصد افراد صرف 10 ممالک میں بستے ہیں، بھارت میں بیت الخلا سے محروم افراد کی تعداد باقی 9 ممالک کی مجموعی تعداد (22 کروڑ 90 لاکھ) سے بھی دو گنا زیادہ ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ افراد بیت الخلا سے محروم ہونے کے باوجود اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھانا بھارتی حکومت کی غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارت کے علاوہ نائیجیریا میں بہت تیزی سے بیت الخلا سے محروم افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
نائیجیریا میں 1990 میں بیت الخلا سے محروم افراد کی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ تھی جو کہ 2012 میں بڑھ کر 3 کروڑ 90 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بیت الخلا سے محروم افراد کے خاتمے کے لئے 80 سے زائد ممالک میں کام جاری ہے اور کوشش ہے کہ 2025 تک دنیا بھر سے اس غلط روش کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔