اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان اور ایران سے متعلق ٹویٹ سمجھ سے بالاتر ہے، بھارت افعانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔
آئی بی اے کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا ٹویٹ سمجھ سے بالاتر ہے تاہم، صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ سے بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کا حامی ہے، افعانستان کی صورتحال میں بہتری کیلئے امریکہ اور افغانستان کو بھی کردار ادا کرنا چاہئے۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ بھارت خطے کی بڑی طاقت بننے کی کوشش میں ہے، مودی سرکار بھارت میں ہندو انتہاء پسندی کو فروغ دے رہی ہے، بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر را کیلئے کام کرتا رہا جو سب کے سامنے ہے، بھارت کا افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کرانا ایک حقیقت ہے۔
تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ہم روس سے اچھے تعلقات پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔