بھارت کے خلاف یونس خان کو اوپنر بھیجنا ناکام تجربہ تھا، وقار یونس کا اعتراف

Waqar Younis

Waqar Younis

کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں یونس خان کو اوپنر کی حیثیت سے بھیجنا ناکام تجربہ تھا۔

کرائسٹ چرچ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقار یونس کاکہنا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکے، بھارتی بلے بازوں نے اچھی شراکت قائم کیں جس سے ہم دباؤ میں آئے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 300 رنز کا ہدف حاصل کرنا مشکل نہیں ہوتا۔بدقسمتی سے ہمارے بیٹسمین بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ بھارت کے ہاتھوں شکست کے باوجود ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ابھی تو میگا ایونٹ کا آغاز ہوا ہے اور پاکستان کے کئی ٹیموں سے مقابلے ہونے ہیں، ہم ویسٹ انڈیز کو ہرا ہر ایک مرتبہ پھر میگا ایونٹ میں واپس آئیں گے۔ پاکستان ورلڈ کپ مقابلوں میں فیورٹ نہیں، یہ ہمارے لئے مفید ہے کیونکہ فیوریٹ نہ ہونے سے کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں رہتا۔

وقار یونس نے کہا کہ کسی سینیئر کھلاڑی کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کرنا مشکل نہیں لیکن ورلڈ کپ جیسے ایونٹ میں ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ تجربے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یونس خان تیسرے اور چوتھے نمبر پر رنز نہیں کر پارہے تھے جس کی وجہ سے ہم نے انہیں اوپنر کی حیثیت سے کھلانے کا فیصلہ کیا لیکن بدقسمتی سے یہ تجربہ بھی ناکام ہوگیا۔