اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو بھرپور جواب ملے گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی حکومت کے شہریت کے متنازع بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی شہریت ایکٹ کے خلاف 10 سے زیادہ بھارتی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں، ہندوستان کی پوری اپوزیشن، تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان بل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیو کو آج 139 دن ہو چکے ہیں، صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ہندوستان کوئی فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا مودی سرکار خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہورہا ہے۔ دنیا کواس صورتحال کا نوٹس لیناچاہیے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی حرکت کی توبھرپور جواب ملے گا۔ گزشتہ روز بھارت نے اشتعال انگیزی کی جس کا ہماری فورسز نے بھرپور جواب دیا۔