اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کے تمام تر الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں اور نئی دلی پر واضح کردیا ہے کہ ان کی جارحیت اور دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارت کی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور پاکستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت پر بھارت سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں اور بھارت پر واضح کردیا ہے کہ ان کی جارحیت اور دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں ’را‘ کی مداخلت کا معاملہ بھارت اور دیگر ممالک کے سامنے بھی اٹھایا ہے ا ور وزیراعظم نواز شریف بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی اٹھائیں گے، اس کے علاوہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مداخلت کا معاملہ سلامتی کے اجلاس کے دوران بھی اٹھاجائے گا۔