اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی نے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر، ایل او سی و ورکنگ باونڈری پر بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنے کے لئے پاکستان فوری طور پر اسلام آباد میں او آئی سی کے سربراہی اجلاس یا اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کو اکٹھے کرنے کا اقدام کرے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان کی جارحانہ سفارتی مہم نا گزیر ہے، اس معاملے پر قومی قیادت متحد ہو کر عالمی برادری کو آگاہ کر نا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پیر کو اپنے دو ہفتے کے دورہ برطانیہ کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا بھارت سیلاب زدگان تک امداد پہنچانے کے سلسلے میں سہولت فراہم کر رہا ہے نہ کسی امدادی ادارے یا تنظیم کو مقبوضہ کشمیر کے متاثرہ علاقوں تک رسائی دی جا رہی ہے، بھارت کے اس رویہ کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، لندن ملین مارچ انتہائی کامیاب رہا، بیرسٹر سلطان محمود کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے مطالبہ کیا کہ ان ساری سرگرمیوں کے ساتھ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے دوازے کھولنے اور نریندر مودی کے مذموم عزائم بے نقاب کرنے کیلئے حکومت پاکستان ایک بھر پور جارحانہ سفارتی مہم کا آغاز کرے اور اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی پارلیمنٹ اور دیگر بین الاقوامی ادارں کو متحرک کرے۔