کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ روز بھارتی دراندازی کے جواب میں پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کو بھرپور جواب دینے پر شوبز فنکاروں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستانی عوام کے ساتھ فنکار برادری بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ گزشتہ روز بھارتی دراندازی پر جس طرح پاکستانی فنکاروں نے پاک فوج کا ساتھ دیا اسی طرح آج بھارت کو پاک فضائیہ کی جانب سے بھرپور جواب دینے پر فنکار برادری نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیاہے۔
معروف ٹی وی اداکار فیصل قریشی نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے بھارت کو ہمارا جواب ثبوت کے ساتھ، خدا ہمارے جوانوں کو اپنی حفاظت میں رکھے اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان آرمی زندہ باد، پاکستان ایئرفورس ہمارافخر ہےاور پاکستان زندہ باد کے ہیش ٹیگ استعمال کیے۔
گلوکارو اداکار فرحان سعید نے جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہمیں جنگ نہیں امن چاہیئے لیکن اگر تم باز نہیں آئے تو تیار رہو۔
اداکار فیروز خان نے بھی ٹوئٹر پر پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی پاک آرمی اورپاک فضائیہ سے محبت ہے، پاکستان زندہ باد۔
اداکار اعجاز اسلم نے جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں لیکن کسی بھی صورتحال میں ہماری فوج پاکستان کی حفاظت کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
اداکار احمد بٹ نے کہا یہ ہماری جنگ نہیں ہے لیکن ہمیں زبردستی اس میں دھکیلا جارہاہے، پاکستان ہمیشہ سے ایک پر امن ملک رہاہے اور رہے گا لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نا سمجھاجائے، انڈیا تمہیں سمجھنا ہوگا کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے۔
اداکارہ ارمینا خان نے جنگ کی صورتحال میں سب سےمحفوظ رہنے کی درخواست کی۔