راولپنڈی (جیوڈیسک) جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاک فوج اورآئی ایس آئی پر دہشتگردی میں مدد کے الزامات کو افسوسناک، بے بنیاد اور اشتعال انگیز قراردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھارت ایسے بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی بجائے پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی غیر جانبدارانہ مشترکہ تحقیقات کی تجویز کا جواب دے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان کولائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی تحقیقات ترجیحی بنیادوں پر اقوام متحدہ کے ذریعے کروائی جائیں۔ جنرل کیانی کاکہناہے کہ پاک فوج صبر کا مظاہرہ کر رہی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ، بے بنیاد الزامات لگائے جائیں۔
بھارت کی جانب بے بنیاد الزامات علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتے ہیں جبکہ پاک فوج حکومت کی طرف سے علاقائی امن کے لئے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنڑول پر سیز فائر کی تجویز پاکستان نے دی تھی جسے دونوں ممالک نے 2003 میں تسلیم کیا تھا۔