تحریر : محمد اشفاق راجا آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ایل او سی پر اپنے جوانوں کی شہادت کو تسلیم کرتے ہیں، ہمیں اپنے وردی والوں پر فخر ہے، انہیں پورے اعزاز کے ساتھ دفن کیا گیا’ جوابی فائرنگ سے 45 بھارتی فوجی مارے جا چکے ہیں، بھارت اپنے فوجیوں کی ہلاکت کو مانے۔ انہوں نے کہا کہ جس روز ہمارے سات فوجی شہید ہوئے’ اس دن بھارت کے بھی 11 فوجی مارے گئے تھے’ جن میں ایک اعلیٰ افسر بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جارحیت کا ارادہ رکھتا تھا، پاکستان کے بھرپور جواب سے مودی کو سمجھ آ گئی کہ وہ جو کچھ کرنے جا رہا ہے’ اس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رعدالبرق مشقیں بہت کامیاب رہیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے جو صورتحال بیان کی اور جن خیالات کا اظہار کیا’ یقیناً پوری قوم کے لیے حوصلہ افزا ہیں۔ ان کا یہ کہنا کہ ‘مودی کو ہماری صلاحیت کا پوری طرح علم ہے’ بڑی بات ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت کو پاکستان کی جنگی اور دفاعی صلاحیتوں کا پتا چلا ہے۔ آزادی کے بعد سے اب تک ہونے والی تینوں بڑی جنگوں میں پاک فوج نے بھارتی فورسز کو ناکوں چنے چبوائے۔ سابق آرمی چیف پرویز مشرف نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں واضح کیا کہ کارگل پر پاکستان کی پوزیشن نہایت مستحکم تھی اور یہ بھارتی حکومت تھی’ جو بھاگتی ہوئی بل کلنٹن کے پاس گئی کہ ہمیں بچائو! لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا پاک فوج کی جانب سے جس طرح بھرپور جواب دیا جاتا ہے’ وہ کسی سے پوشیدہ نہیں؛ چنانچہ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا۔
بھارت اب تک اگر لائن آف کنٹرول پر چھیڑ خانیوں اور اشتعال انگیزیوں تک محدود ہے تو اس کی وجہ پاک فوج کی ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کے سلسلے میں مکمل تیاریاں ہیں۔ بھارت کا اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کو تسلیم نہ کرنا بھی اس کے اندر کے خوف کی غمازی کرتا ہے۔
Army Exercise
بہاولپور کے قریب صحرائے چولستان کی خیرپور ٹامیوالی رینج میں رعدالبرق کے عنوان سے ہونے والی فوجی مشقوں سے بھی پاک فوج کی صلاحیتیں واضح ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں کے دوران ملکی ساختہ میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا’ جس کی رینج 12 کلومیٹر تک ہے اور وہ ساڑھے چھ ہزار فٹ بلندی تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کا کامیاب تجربہ اظہار ہے کہ بھارت نے اگر کسی قسم کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف میزائلوں کے استعمال سے گریز نہیں کیا جائے گا’ یعنی پاکستان کے پاس ان ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی موجود ہے’ جو پاکستان پر ممکنہ طور پر حملہ آور فوج کے عقب میں ہوں گے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بھی فوجی کامیاب فوجی مشقوں پر اطمینان کا اظہار کیا’ جو اس امر کا ثبوت ہے کہ ملکی دفاع کے حوالے سے حکومت اور فوج کی سوچ ایک ہے۔
فوجی مشقوں رعدالبرق کے معائنے کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تمام غیر ریاستی عناصر کا خاتمہ کرکے دم لیں گے’ کسی بھی ملک کی طرف سے پاکستان کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا’ پاکستان کے دشمنوں نے اپنے عزائم واضح کر دیے، سب جانتے ہیں کہ وہ یہاں ترقی کے کسی منصوبے، قومی اتحاد اور معاشی استحکام کو برداشت نہیں کر سکتے’ لہٰذا مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح یہ ہوا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو طاقت کے ذریعے ختم کر دیا جائے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو بھارت کے جنگی جنون کے خاتمے اور لائن آف کنٹرول پر امن قائم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے’ کیونکہ عوام تبھی اس دعووں کا یقین کریں گے جب تک بھارتی جارحیت کے آگے بند نہیں باندھ دیا جاتا اور سرحدوں پر امن نہیں ہو جاتا۔