ٹیکسلا (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا ٹیکسلا میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم بھارت کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہے۔
بھارت کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔ اگر کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، تو یہ قوم ایک مکے کی طرح یکجا ہو گی۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن کے چھپے ہوئے وار کیلئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں ہونے والی بہت سے دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے بھارت ملوث ہے۔ دشمن حملے کیلئے کئی روپ اختیار کر سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ بھارت چھپ کر وار کرے، ہمیں پاکستان کے گلی گلی اور کوچے کوچے میں متحرک ہونا ہوگا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ دشمن کا وار کوئی بھی ہو، ہم بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست نہیں بلکہ دشمن کیخلاف اکھٹے ہونے کا وقت ہے۔ اتحاد زبانی نہیں بلکہ عملی ہونا چاہیے۔ آج وقت اندرونی اختلافات کا نہیں ہے۔
بھارتی وزیراعظم کی تقریر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مودی کی تقریر سے واضح ہو گیا کہ کون امن اور کون جنگ چاہتا ہے۔ میں نے آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس قسم کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا۔ ہمسایہ ملک کی دھمکیوں سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا چاہیے۔