ّبھارت(جیوڈیسک) بھارت نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ چنائی میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے دو سو بتیس رنز نو کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور اسکور میں نو رنز کے اضافے کے بعد نیتھن لائن گیارہ رنزبناکر جڈیجا کا شکار بن گئے۔
آسٹریلوی ٹیم دو سو اکتالیس رنزبناکر آوٹ ہوگئی۔ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے موائسس ہینرکس نے اکیاسی رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ رویندر ایشون نے اننگز میں پانچ اور میچ میں مجموعی طور پر بارہ وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت نے پچاس رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ڈبل سنچری اسکور کرنے پر بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ دومارچ سے حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔