کابل (جیوڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ نے سابق بھارتی بلے باز لال چند راجپوت کو قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ (کرک انفو) کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے سابق بھارتی بلے باز لال چند راچپوت کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ لال چند کو سابق پاکستانی بلے باز انضمام الحق کی جگہ افغانستان کی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے جب کہ آئندہ ماہ دورہ آئیرلینڈ اسکاٹ لینڈ ان کی بطور کوچ پہلی ذمہ داری ہوگی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق ٹیم کے کوچ کے عہدے کے لیے لال چند راجپوت سمیت پاکستانی بلے باز محمد یوسف، جنوبی افریقا کے ہرشل گبز اور ویسٹ انڈیز کے کورے کولیمور نے بھی درخواستیں دی تھیں تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی سفارش پر راجپوت کو ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
واضح رہےکہ لال چند راچپوت 2007 میں بھارتی ٹیم کے مینیجر کی ذمہ داری سرانجام دے چکے ہیں جب کہ راجپوت کو بھارت کی طرف سے 2 ٹیسٹ اور 4 ایک روزہ میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس سے قبل سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق نے قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر بننے کے بعد افغانستان کی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سے استعفیٰ دے دیا تھا۔