ممبئی (جیوڈیسک) وانکڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچویں اور سیریز کے فائنل مقابلے میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے بھارت کو 439 کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ شکھر دھون اور اے ایم رھانے نے کچھ زور بازا دکھایا تاہم یہ بھی بے سود رہا۔
شکھر دھون 60 جبکہ رھانے 87 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ افریقی بولرز نے کسی بھی انڈین بلے باز کو ہدف کے قریب بھی پٹھکنے نہیں دیا اور پوری ٹیم کو صرف 224 رنز بنانے کا ہی موقع دیا۔ کے ربادا نے 4، ڈیل سٹین نے 3، عمران طاہر نے 2 جبکہ کے جے ایبٹ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس سے قبل فائنل مقابلے میں جنوبی افریقا کے شیروں نے بھارتی کھلاڑیوں کی خوب دھلائی کی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈی کاک 109، ڈوپلیسی 133 جبکہ مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیرز 119 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اے بی ڈی ویلیرز نے صرف 57 گیندوں کا سامنا کرکے شاندار سینچری سکور کی۔ بھارت کی جانب سے کوئی بھی بولر جنوبی افریقا کے بلے بازوں کو رنزوں کے پہاڑ کھڑا کرنے سے روکنے میں ناکام رہا۔ بھونیشور کمار نے اپنی ٹیم کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔ انہوں نے اپنے دس اوورز میں جنوبی افریقا کی ٹیم کو 106 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کر پائے۔
دیگر بورلرز میں ایم ایم شرما سات اوورز میں 84 رنز دے کر ایک وکٹ، ہربھجن سنگھ نے دس اوورز میں 70 رنز دے کر ایک وکٹ جبکہ رائنا نے تین اوورز میں انیس رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے میچ کی اننگز میں 20 چھکے مارے۔ واضع رہے ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ 22 چھکے مارنے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے پاس ہے۔