نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں بی جے پی کے رہنماؤں کے دل سے عامر خان کی نفرت کم نہیں ہوئی،رہنما رام مادھو نے ایک بار پھر بالی وڈ اداکار پر طنز کے تیر برسائے ہیں ۔
ایسے لگتا ہے کہ بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی بالی ووڈ اداکار عامر خان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گئی ہے۔تعلیمی اداروں میں بی جے پی رہنما طالب علموں کےذہنوں میں نفرت کے بیج بورہے ہیں۔دہلی یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں بی جے پی رہنما رام مادھو نے عامر خان کو نشانہ بنایا اورکہا کہ عامر خان کو صرف ایک آٹو رکشہ والے کوہی بھارت کے وقار کا پیغام نہیں دینا چاہئے بلکہ اپنی اہلیہ کو بھی سمجھانا چاہئے۔
عامرخان نے گذشتہ برس نومبر میں بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برادشت پر رائے کا اظہار کیا تھا جس کی جلن اب تک بی جے پی والے محسوس کر رہے ہیں۔
عامر خان کے اس بیان سے بی جے پی والوں کے ذہنوں میں جو زلزلہ آیا ،اس کے آفٹر شاکس کا اثر براہ راست عامر خان پرپڑا،پہلے انہیں سرکاری سیاحتی مہم’’انکریڈیبل انڈیا‘‘ کے سفیر کے عہدے سے فارغ کیا گیا،پھر روڈ سیفٹی مہم سے بھی ہٹا دیا گیا۔