پٹنہ (جیوڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے اسکول میں دوپہر کا کھانا کھانے والے20 بچے ہلاک ہو گئے جبکہ اسپتال میں زیر علاج48 بچوں میں سے 27 بچوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کھانا ریاست بہار کے ضلع سارنا کے ایک گاوں کے پرائمری اسکول میں بچوں کو دیا گیا تھا۔
چاول، دال پرکھانا کھاتے ہی بچے بیمار ہو گئے، بچوں کو فورا ہی اسپتال لے جایا گیا، جہاں گیارہ بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔ باقی آٹھ بچے دوران علاج چل بسے۔اسپتال میں داخل 27 بچوں کی حالت اب بھی تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
اسکول کے پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے،جو واقعہ کے بعد سے فرارہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اعلی سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے ہر بچے کے گھرانے کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔