کراچی: جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ یورپ اس وقت تاریخ کے بد ترین معاشی دبائو میں ہے، دنیا جہاں کے قرض اور سود نے یورپ کی کمر توڑد ی ہے، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یورپ اور امریکہ پہلی دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک ہیں مگر ایسا نہیں ہے، انشاء اللہ اسلامک ورلڈ پھر سے مستحکم ہوگا اور اپنے عالمی عروج کی طرف گامزن ہوگا۔
بھارت کا کیمیائی گروپ میں شامل نہ ہونا چین ، روس اور ترکی کے اپنے اخلاقی کردار کی وضاحت کرتا ہے اس میں پاکستان کے دفتر خارجہ اور سفارتی تعلقات کا کوئی تعلق نہیں ہے، کسی نے پاکستان کے کہنے پر بھارت کے خلاف فیصلہ نہیں دیا ہے بلکہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد ہے جس نے سیکولر اسٹیٹ کے نام پر دنیا بھر کے تمام مذاہب پر کئی دہائیوں سے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، کشمیر پر بھارتی غاصبیت جس کی سب سے بدترین مثال ہے ،کراچی یونین آف جرنلسٹ کے اعزاز میں منعقد کئے گئے دعوت افطار سے اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ بھارت کا کیمیائی گروپ میں شامل نہ ہونا اور پاکستان کا شنگھائی تنظیم کا رکن بننا خطے کے بہتر مستقبل کی نوید ہے۔
بھارت اور اسرائیل عالمی دہشت گرد ممالک ہیں، انہیں دنیا کی کسی بھی اہم تنظیم کا رکن نہیں ہونا چاہیے، یورپی یونین سے برطانیہ کا اخراج یہ بتا رہا ہے یورپ اپنے تاریک دور کی طرف واپس لوٹے گا، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک اپنے سیاسی و سفارتی اتحادوں کو متحرک کریں، صحیح حکمت عملی دنیا کو مجبور کردے گی کہ مسلمانوں کے مطالبات تسلیم کرے،شاہ اویس نورانی صدیقی نے امجد صابر ی کے بہیمانہ قتل اور چیف جسٹس آف سندھ کے بیٹے کے اغواہ پر تشویش کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے آخری عشرے میں شہر کراچی کے حالات خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس میں وہی عناصر ملوث ہیں جنہوں نے شہر کو تیس سال سے یرغمال بنایا ہوا ہے۔
حمزہ عباسی کی معافی کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ قادیانی ایشو کے تابوت میں چالیس سے پہلے کیل ٹھونک دی گئی ہے، ایسے میں اس ایشو کو پھر سے اچھالنا عالمی سازش ہے، حمزہ عباسی نے جو گفتگو کی وہ کسی عالمی سازش کا حصہ ہے، حمزہ عباسی کی معافی کسی صورت قبول نہیں ہے، اب تک عوام نے اپنے غم و غصہ پر قابو کیا ہوا ہے اگر حمزہ عباسی چینل پر واپس آیا تو یہ نا قابل قبول ہوگا اور جمعیت علماء پاکستان عوام کے احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے سب سے پہلے سراپا احتجاج ہوگی، اس موقع پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں اور رپورٹر حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔