بھارت نے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کی سفری تفصیلات سے آگاہ کر دیا، دفتر خارجہ

Dr. Mohammad Faisal

Dr. Mohammad Faisal

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو سے ملاقات کے لیے ان کی اہلیہ اور والدہ کی سفری تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ بھارت نے کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کی پاکستان آمد کی تصدیق کر دی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق بھارتی جاسوس کی اہلیہ اور والدہ 25 دسمبر کو نجی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ ملاقات کے بعد اسی روز بھارت کے لیے واپس روانہ ہو جائیں گی۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا۔

رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی۔

لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن یادیو کی سزا پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔