اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک بھارت تجارتی روابط کے فروغ کیلئے بھارت کا اعلیٰ سطح کا وفدرواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ بھارتی وفد فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس ،پاکستان ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ،پاک انڈیا جوائنٹ بزنس فورم اور سارک چیمبر آف کامرس کے علاوہ دیگر کاروباری افراد سے ملاقات کرے گا۔
اس دوران نان ٹیرف بیریئر کے خاتمے ،کاروباری افراد کیلئے ویزہ کے حصول میں آسانی اوربھارتی منڈیوں تک پاکستانی اشیاء کی کم ڈیوٹی پر رسائی کو یقینی بنانے کیلئے بات کی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ 20 سال کے دوران پاک بھارت حالات میں کشیدگی کے باعث باہمی تجارتی حجم میں محض 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس دوران بھارت سری لنکا تجارتی حجم 72 فیصد بڑھ کر 5 ارب 30 کروڑ ڈالر اور بنگلہ دیش کے ساتھ 37 فیصد بڑھ کر 5 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہتری سے دونوں ممالک باہمی تجارتی حجم میں اربوں ڈالرکا اضافہ کر سکتے ہیں۔