لاہور (جیوڈیسک) معروف پاپ اسٹار علی حیدر کے صوفیانہ کلام پرمبنی البم ’’ رب رنگ ‘‘ کی میوزک چینل چارٹس پر شہرت کو دیکھتے ہوئے معروف بھارتی میوزک کمپنی نے اسے انڈیا سمیت دیگر ممالک میں لانچ کرنے کے لیے رابطہ کرلیا۔
گزشتہ روز مقامی کمپنی کی جانب سے علی حیدر سے فون پرالبم کو ریلیز کرنے کی پیشکش کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم علی حیدر کی جانب سے فی الحال حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ علی حیدر نے بات کرتے ہوئے بتایاکہ حضرت شہباز قلندر کے سالانہ عرس کی مناسبت سے تیار کیے جانے والے اس البم کو زبردست رسپانس مل رہا ہے۔
ایک طرف میوزک چینلز کے چارٹس پر میرے گیت پسند کیے جارہے ہیں تو دوسری جانب سوشل ویب سائٹس پربھی زبردست رسپانس سامنے آیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کی ایک معروف میوزک کمپنی نے میرے البم کی کامیابی کے چرچے سُننے کے بعد مجھے یہ پیشکش کی ہے کہ وہ میرا البم بھارت سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہم جلد ہی معاملات کو حتمی شکل دینگے۔