بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ تشویش ناک ہے، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کشیدگی کا معاملہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کی نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں اٹھایا جائے گا۔

اسلام آباد میں سینیٹ کی خارجہ اور دفاعی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر کشیدگی سے اب تک گیارہ افراد شہید اور تیس سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں آٹھ فوجی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتخابی مہم کے دوران پاکستان دشمنی کو استعمال کرنا افسوسناک ہے اور وہاں نئی حکومت کے قیام تک تعلقات میں بہتری کا امکان نہیں۔ سرتاج عزیز نے کمیٹی کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور افغان صدر حامد کرزئی کے دوروں پر بھی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ جان کیری کے دورے میں پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات رواں سال کے آخر میں شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صدر کرزئی کو یقین دہائی کرائی ہے کہ پاکستان افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کریں گے اور کسی بھی گروہ کی حمایت نہیں کریں گے۔