واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی سینیٹر اور سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین چک گراسلی نے بھارت سمیت 23 ممالک کے شہریوں کو ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر چک گراسلی نے وزیر داخلہ کو ایک خط میں کہا ہے کہ بھارت ، چین ، کیوبا ،صومالیہ اور گھانا سمیت 23 ممالک غیر قانوی تارکین وطن کی واپسی کے حوالہ سے امریکہ کے ساتھ تعاون نہیں کررہے اس لئے ان ممالک کے شہریوں کو امیگرنٹ اور نان امیگرنٹ ویزوں کا اجراء بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2015ء کے دوران امریکی حکام کو 2166 تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک کی طرف سے عدم تعاون پر مبنی رویہ کی بنیاد پر چھوڑ نا پڑ ا جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران ایسے کیسز کی تعداد 6100 تک پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی ادارے مزید 62ممالک کے رویہ کا اسی حوالہ سے جائز لے رہے ہیں تاکہ ان ممالک کے شہریوں کو ویزوں کے اجراء بارے نئے قواعد و ضوابط تشکیل دیئے جا سکے۔