تحریر : بائو اصغر علی محترم و معزز قارئین آج جب میں نے لکھنے کیلئے قلم اٹھایا تو لکھنے والے ورق پر ایک ایسا نقشہ ابھراجسے دیکھتے ہی دل ازردہ اور آنکھیں نم ہوتے ہی آنسوئوں کی رم جھم شروع ہو گئی ہمارا ہمسایہ ملک بھارت جو ازلی دشمن نمبر ون ہے بلا اشتعال آئے روز لائن آف کنٹرول پہ بے کنٹرول ہو کرفائر کھول کر نہتے اور معزز شہریوں کو شہید کر دیتا ہے یہ گھنائو نا کھیل اب شروع نہیں ہوا بلکہ قیام پاکستان سے لے کراب تک تواتر کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے عالمی طاقتیں اس خطہ میں بھارت کو ”تھانیدار ” بنا کر طاقت کا توازن خراب کرنے میں پیش پیش ہیں۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بجائے ”ہندو سرکار” کو اہمیت دیتے ہوئے ہمارے وطن کو نظر انداز کرتی ہیںمقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور پاکستان لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزیاں ، بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے دنیا کی یہ انوکھی تحریک ہے جس میں قابض بھارتی افواج دنیا کا خطرناک ترین ہتھیار پیلٹ گنوں کا استعمال کر رہی ہے اور کشمیری عوام پتھروں اور لاٹھیوں کے ساتھ جواب دے رہے ہیں اور یہ تحریک بلٹ کے بجائے اپنے سینوں پر لے کر گولیاں کھا کر جام شہادت نوش کر رہے دوسری طرف پاکستان کی سرحدوں پر اس وقت شدید خطرات منڈلا رہے ہیں۔
ملک دشمن قوتیں پاکستان کو دبائو میں لانے کیلئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ، کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر آئے روز بھارتی جارحیت یہ ظاہر کررہی ہے کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں کارروائیاں کررہی ہیں یہ سب اس لئے ہو رہا ہے کہ بھارت عالمی دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹاناچاہتا ہے اور دوسرا پاکستان کا ایٹمی پروگرام اورسی پیک ”مودی سرکار” سمیت عالمی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہااور بدہضمی کے باعث مسلسل پیٹ میں درد اور مروڑ اٹھ رہے ہیں ،چونکہ سی پیک کی مخالفت میں خود مودی سرکار پیش پیش ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ مودی سرکار کچھ عرصہ پہلے بلوچستان میں گڑ بڑ کرنے والو ں کی حوصلہ افزائی اور ان کی سرپرستی کا اعلان بھی کر چکے ہیں جبکہ بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را”کے جاسوس کلبھوشن یادیو بھی اپنے اقبالی بیان میں سی پیک کو سبوتاڑ کرنے کیلئے بلوچستان میں ”را”کا سازشی نیٹ ورک پھیلانے کا اعتراف کر چکے ہیں اس لئے بلوچستان میں اب تک ہونے والی دہشت گردی اور ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کی کڑیاں سی پیک کو سبوتاڑ کرنے کی بھارتی سازشو ں کے ساتھ جا ملتی ہیں ،کشمیر میں مسلمانوں کی آزادی اور پاکستان کی اقتصادی ترکی اور خوشحالی پر بنی کوئی بھی منصوبہ مودی سرکار کو ایک نظر نہیں بھاتا اور وہ اسے سبوتاڑ کرنے کی نا کام سازشوں میں مگن نظر آتا ہے اور مودی سرکار نے دہشت کردی کے ذریعہ سے بھی ہمارے پیارے ملک پاکستان کو کمزور کرنے کی ٹھانی ہوئی ہے۔
چنانچہ گزشتہ سالوں کے دوران پاکستان میں جتنی بھی دہشت گردی کی وارداتیں ہوئی ہیں ان میں زیادہ تر بھارتی ایجنسی ”را”سمیت دیگر ایجنسیوں کا ہاتھ ہی کار فرما نظر آیا ہے اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت اپنی جنونیت میں کس انتہا ء تک جا چکا ہے کہ کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنارہا ہے، جبکہ اس جنونیت میں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے تقاضو ں کو بھی روند رہا ہے اور جنگ کی آگ بھڑکانے پر تلا بیٹھا ہے ، مگر بھارت کو یہ اچھی طرح جان لینا چاہیے ،کہ پاک فوج،سلامتی کے ادارے وطن عزیز کا دفاع اور تحفظ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں اور کڑا وقت آنے پر پاکستان کا ہر بچہ ،جوان ،بوڑھا سب پاک فوج کے شانہ بہ شانہ ہونگے اور وطن عزیز کا ہر فردمجا ہد فوجی بن کر دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔