لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت سے کھیلنے کے لیے اس کے پیچھے بھاگے نہیں جارہے اور اس سے کھیلے بغیر بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔
چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں میں بھارت نے پاکستان سے کرکٹ نہیں کھیلی اور اگر بھارت نے دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں طے شدہ سیریز نہیں کھیلی تو بھی ہم گزارا کرلیں گے،ہمیں اس بات کی فکر نہیں کہ بھارت ہم سے نہیں کھیل رہا تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کو چاہیئے کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرے اور مستقبل میں دو طرفہ سیریز کیلئے بہتری لائے۔
شہریار خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات بہت کم ہیں تاہم ابھی بی سی سی آئی نے تحریری طور پر سیریز کھیلنے سے انکار نہیں کیا، انہیں بھارتی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہا ہمیں علم ہے کہ بھارتی بورڈ معاشی طور پر مضبوط ہے اور ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ان سے کھیلے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے، ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے اور دونوں کو ایک ساتھ ملایا جائے۔