بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تین لاکھ بتیس ہزار سات سو سے زائد نئے کیسز کی تشخیص ہوئی، جو اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔ طبی حکام کے مطابق اس وقت بیشتر ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے جو کئی اموات کا باعث بن رہی ہے۔
ملکی عدالت عظمی نے نئی دہلی حکومت پر زور دیا ہے کہ آکسیجن اور ضروری ادویات کی سپلائی یقینی بنانے کے لیے قومی سطح کے کسی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے۔ دریں اثنا آج جمعے کی صبح ممبئی کے نواح میں ایک ہسپتال میں آتش زدگی کے نتیجے میں کووڈ انیس کے تیرہ مریض ہلاک ہو گئے۔
وجے ولبھ نامی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں لگنے والی آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے اور زخمی مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارت میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد سولہ ملین کے قریب جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ ستاسی ہزار ہو گئی ہے۔