بھارت سے شکست کے بعد بنگلا دیش ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر

India vs Bangladesh

India vs Bangladesh

برمنگھم (جیوڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو 28 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جب کہ بنگلا دیش ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔

بھارت کی جانب سے دیئے گئے 315 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی ٹیم 48 ویں اوور میں 286 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز روہت شرما اور لوکیش راہل نے ابتداء سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 180رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، بھارتی بلے باز روہت شرما نے ایک بار پھر سنچری اسکور کی، اوپنر کی حالیہ ورلڈکپ میں یہ چوتھی سنچری ہے۔

روہت شرما 104رنز بنا کر سومیا سرکار کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے جب کہ کے ایل راہول بھی 77رنز کی اننگز کھیل کر روبیل حسین کا شکار بنے۔

بھارت کے بائیں ہاتھ کے بلے باز ریشبھ پینٹ نے 48 اور ایم ایس دھونی نے 35 رنز بنائے جب کہ ویرات کوہلی نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شکیب الحسن اور روبیل حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بنگلا دیش کے اوپنرز اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کر سکے اور 39 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 22 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دوسری وکٹ کے لیے سومیہ سرکار اور شکیب الحسن نے اسکور کو 74 رنز تک پہنچایا تو سومیہ سرکار 33 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے شکیب الحسن کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 121کے مجموعے پر مشفق الرحیم 24 رنز بنا کر چاہل کا شکار بنے۔

شکیب الحسن نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ 66 رنز بنا کر پانڈیا کو وکٹ دے بیٹھے۔

صابر رحمان اور محمد سیف الدین نے بھارتی بولرز کے سامنے مزاحمت کی لیکن صابر حسین بھی 36 رنز بنا کر بھمرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

محمد سیف الدین نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکے۔

بنگلا دیش کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں بھارت نے میچ 28 رنز سے جیت کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارت کی جانب سے بھمرا نے 4 اور پانڈیا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ چاہل، محمد شامی اور بھونیشور کمار کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بھارتی ٹیم 8 میچز میں 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ آسٹریلیا 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔