اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بھارت سے جنگ نہیں مذاکرات چاہتے ہیں مگر بھارت راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔
نیویارک میں وطن واپسی سے قبل ایک تقریب سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ معاملات بھارت نے بگاڑے، ازالہ بھی بھارت کو ہی کرنا ہے، پاکستان گفتگو سے نہیں گھبراتا،کیونکہ ہم سچائی پر ہیں ،پاکستان کا موقف درست اور مضبو ط ہے ۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حالات کو دیکھ کر آنکھیں نم ہوتی ہیں،آج مقبوضہ کشمیرکی بھی وہی صورتحال ہے،مقبوضہ کشمیرمیں سرچ آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو اٹھایا جارہاہے، مقبوضہ کشمیر میں جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے صدرجنرل سیکرٹری سےکہا کہ مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوگا تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں امن نہیں ہوگا تو جنوبی ایشیا کے خطےمیں امن نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مصر کے وزرائے خارجہ نےبتایا کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہوگیا، مشن کی کامیابی کے بعد پاکستان لوٹ رہا ہوں۔