لاہور (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کیخلاف سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ بھارت مشرقی پاکستان کے حربے استعمال کر رہا ہے۔ جو حکومت سازش نہیں پکڑ سکتی پھر اسے حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی بربریت پر انسانی حقوق کی تنظیمیوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رحمان ملک نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو مشورہ دیا کہ جو دن رہ گئے ہیں انھیں لڑائی سے نہیں بلکہ پیار سے گزار لیا جائے، کیونکہ اگر ن لیگ نے تصادم کا راستہ نہ چھوڑا تو جمہوریت کا جہاز پاش پاش ہو جائے گا۔