لاہور (جیوڈیسک) چاروں پڑوسی ملکوں میں تعینات پاکستان کے معزز سفیروں نے کہا ہے کہ عید ہم اہم ذمہ داریوں کی ادائیگی کے باعث بیجنگ، دہلی، تہران اور کابل میں ہی منائیں گے۔ پردیس میں دیس کی یاد بہت زیادہ آئے گی۔
اِن خیالات کا اظہار چین، بھارت میں ہمارے سفیر اور ہائی کمشنر مسعود خالد اور عبدالباسط، جبکہ ایران اور افغانستان میں تعینات نورمحمد جادمانی اور سید ابرار حسین نے اپنے پیغامات میں کیا۔
بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے دہلی سے موبائل فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا وہ عید کی نماز جامع مسجد دہلی میں ادا کریں گے۔ شام کو عید ملن پارٹی کا انعقاد ہو گا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارت میں پڑھنے والے پاکستانی طلباء کو بھی ہم دعوت دیں گے، وہ بھی ہمارے ساتھ عید منائیں گے۔ علاوہ ازیں چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے طویل گفتگو کے دوران بتایا عید کی نماز پاکستان ایمبیسی کی مسجد میں ادا کریں گے۔
عید کے پُرمسرت تہوار کو ہم چین میں جوش و خروش کے ساتھ منائیں گے۔ پاکستان ایمبیسی سکول کے بچے بھی عید کو ذوق و شوق سے منائیں گے، تقریب میں چینی بھائی خاص طور پر شریک ہوں گے۔ رپورٹ کے بارے میں مکمل تفصیل آپ‘ 3جولائی کے نوائے وقت سنڈے میگزین میں پڑھ سکیں گے۔