بھارت: انتخابات کے آٹھویں مرحلے میں ووٹنگ جاری، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بائیکاٹ

India

India

ممبئی (جیوڈیسک) بھارت میں عام انتخابات کے آٹھویں مرحلے کے سلسلے میں سات ریاستوں میں پولنگ جاری ہے،ادھر مقبوضہ کشمیر میں شہریوں نے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

آٹھویں مرحلے میں ریاست اتر کھنڈ کے پانچ، ہماچل پردیش کے چار ، آندھرا پردیش کے پچیس ، بہار کے سات ، مغربی بنگال کے چھ ، اتر پردیش کے پندرہ اور مقبوضہ کشمیر کے دو حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔نو کروڑ رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ایک ہزار سات سو سینتیس امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے جن میں گانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ، بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اور سابق اداکارہ سمرتی ایرانی بھی شامل ہیں۔

آج ہونے والی پولنگ کے بعد کُل پانچ سو دوحلقوں میں ووٹنگ مکمل ہو جائے گی جس کے بعد آخری مرحلہ بارہ مئی کو ہو گا۔ مقبوضہ وادی میں حریت سربراہ علی گیلانی کی اپیل پر شہریوں نے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے جبکہ پولیس نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک سمیت چار سو سے زائد شہریوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا ہے۔