بھارت میں الیکشن کے بعد ہاکی سیریز مزید پیشرفت ہو گی، اختر رسول

Akhtar Rasool

Akhtar Rasool

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختررسول نے کہا ہے کہ پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی کے معاملات آگے بڑھانے کیلیے بھارت میں نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا پڑے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے پلان سے آگاہ کرچکے، پڑوسی ملک میں الیکشن کے مکمل ہونے کے بعد مزید پیش رفت ہوگی، آنے والے ایونٹس کیلیے سلیکٹرزکو میرٹ پر ٹیموں کے انتخاب کی ہدایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ اگر میں بھی اثر انداز ہونے کی کوشش کروں تو روک دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی جونیئر چیمپئن شپ کیلیے منعقدہ ٹرائلز کے موقع پرسیکریٹری اور اولمپئن رانا مجاہد علی کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورلڈ کپ 1982 کی فاتح ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جوہر ٹائون اسٹیڈیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہاکی میں ابھی دم خم موجود ہے، نئے پلیئرزکے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچا لیا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب ہم قومی کھیل کا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اختر رسول نے کہا کہ پی ایچ ایف نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ملک بھر میں ٹرائلز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، میری سلیکٹرز اور کوچز کو ہدایت ہے کہ وہ کسی کی بھی سفارش کی پرواہ کیے بغیر صرف اور صرف میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب کریں، اگر کسی پر بھی سیاسی یا سماجی شخصیت کی طرف سے دبائو ڈالا جائے تو براہ راست مجھ سے بات کرے۔