بھارت: الیکشن میں عام آدمی پارٹی نے جھاڑو پھیر دیا

India

India

نیو دہلی (جیوڈیسک) بھارت کی عام آدمی پارٹی کا یہ پہلا الیکشن ہے اور اس کی شاندار کارکردگی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

وہ آیا اس نے دیکھا اور فتح کر لیا یہ مثال عام آدمی پارٹی پر بالکل پوری اترتی ہے۔ 26 نومبر 2012 کو بھارتی شہر غازی آباد میں عام آدمی پارٹی کی بنیاد رکھی گئی۔

پارٹی کی بنیاد اروند کجروال نے رکھی جو کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے والے بھارتی سماجی کارکن انا ہزارے کے ساتھی تھے۔ اختلافات کے باعث الگ ہوئے اور عام آدمی پارٹی کی بنیاد رکھی جس نے حالیہ ریاستی انتخابات میں غیر معمولی کارکردگی کے باعث پرانی سیاسی جماعتوں کو حیران کر دیا ہے۔ اپنے قیام سے لے کر اب تک پارٹی نے کرپشن، سرکاری محکموں کی لوٹ مار کے خلاف بھر پور آواز بلند کی۔

بجلی کی قیمت میں اضافے سے لے کر جنسی زیادتی کے واقعات کے خلاف پارٹی نے سخت احتجاج ریکارڈ کرا یا۔ لوک پال بل، سیاسی امیدوار کو مسترد کرنے کا حق، تعاون نہ کرنے والے سرکاری افسروں کے خلاف شکایت جیسے موضوعات پارٹی کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا نشان جھاڑو ہے اور اس نے ریاستی انتخابات میں صحیح معنوں میں جھاڑو پھیر دیا ہے۔