نئی دہلی (جیوڈیسک) اداکارہ تلسی ( سمرتی ایرانی ) ڈراموں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد انتخابات میں کانگریس کے نائب صدر راہو ل گاندھی کے مقابلے میں انتخابی دنگل میں کود پڑیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے گڑھ اور راہول گاندھی کے حلقہ انتخاب امیٹھی میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے امیدوار کے طور پر ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی کو میدان میں اتارا ہے جو بھارت کے مقبول اور طویل ترین چلنے والے ڈرامے ’’کیوں کہ سانس بھی کبھی بہو تھی‘‘ میں تلسی کے نام سے مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔
ڈرامے میں کامیاب بہو کا کردار ادا کرنے والی سمترا ایرانی کا کہنا ہے کہ راہو ل گاندھی کے خلاف ٹکٹ دینے پر وہ پارٹی کی شکرگزار ہیں، امیٹھی کے عوام کانگریس کی کارکردگی سے مایوس ہیں اس لئے امید ہے کہ راہو ل گاندھی کو اس بار اپنے گڑھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، سمرتی کا کہنا تھا کہ راہول کے خاندانی پس منظر رکھنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، عوام کانگریس کی حکومت کی کارکردگی سے انتہاہی مایوس ہیں اور وہ ریاستی انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔