ساؤتھ ہیمپٹن (جیوڈیسک) انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میں 60 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 1-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا۔
بھارتی بولرز کی شاندار گیند بازی کے باعث انگلینڈ اپنی 6 وکٹیں 86 رنز پر گنواچکا تھا تاہم اس موقع پر معین علی اور سیم کرن کے درمیان شراکت نے اننگز کو سہارا دیا۔
سیم کرن کی شاندار بیٹنگ اور ٹیل اینڈرز کی مزاحمت کے باعث انگلینڈ اپنی پہلی اننگز میں 246 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ سیم کرن 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے تین، ایشانت شرما، محمد شامی، اشون نے دو، دو جبکہ ہاردک پانڈیا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بھارت کی جانب سے ابتدا میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ انڈیا بڑی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا تاہم ایسا نہ ہوسکا۔
ایک موقع پر بھارت نے 142 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کی صرف دو ہی وکٹیں گری تھیں تاہم اس موقع پر جو وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا وہ اننگز کے اختتام تک جاری رہا اور پوری ٹیم 273 رنز ہی بناسکی یعنی بھارت کو صرف 27 رنز کی ہی لیڈ مل سکی۔
بھارت کی جانب سے پجارا نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ویرات کوہلی 46 رنز بناسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی سب سے تباہ کن بولر ثابت ہوئے جنہوں نے پانچ بھارتی بلے بازوں کو پویلین بھجوایا جبکہ اسٹورٹ براڈ نے تین اور سیم کرن اور بین اسٹوکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا تاہم اس کے لیٹ اور مڈل آرڈر نے ایک مرتبہ پھر اسے مکمل تباہی سے بچالیا۔
ایک موقع پر انگلینڈ کے 6 کھلاڑی 178 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے اور اسے بھارت کے خلاف صرف 151 رنز کی ہی برتری حاصل تھی۔
تاہم انگلینڈ کے اختتامی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوس بٹلر 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے چار بلے بازوں کو پویلین لوٹایا۔
انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 271 رنز بنائے اور یوں بھارت کو 245 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 22 رنز پر اس کی تین وکٹیں گرچکی تھیں تاہم اس موقع پر کپتان کوہلی اور رہانے کی سنچری شراکت نے بھارتی امیدوں پر جگا دیا۔
تاہم کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بھارتی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا اور اس طرح بھارت کی پوری ٹیم 184 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں کوہلی نے 58 اور رہانے 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے ایک مرتبہ پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاندار بولنگ کارکردگی پر معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 ستمبر سے اوول میں کھیلا جائے گا۔