کارڈف (جیوڈیسک) بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 133 رنز سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ کے شہر کارڈف کے صوفیا گارڈن میں کھیلے گئے۔
میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان السٹرل کوک نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ جواب میں انگلش بیٹنگ لائن بھارتی بولروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلش ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو میدان میں بارش ہو گئی جس کے باعث ڈک اینڈ ورتھ لوئس قانون کے تحت میچ کو 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا جبکہ انگلینڈ کو جیت کے لئے 295 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں پہلی وکٹ کی شراکت۔
میں السٹرل کوک اور الیکس ہالز نے 54 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد یکے بعد یگرے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ الیکس ہالز 40، آئن مورگن 28 اور بین اسٹوک 23 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔
بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کئے جبکہ محمد شامی اور روندرن ایشونت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے۔
بھارتی بلے بازوں نے انگلش بولروں کی خوب پٹائی کی اور انگلش ٹیم کے سامنے پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا۔ سریش رائنا 100، کپتان دھونی اور روحت شرما 52،52 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ رائنا کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 میچ پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ نہیں کھیلا جاسکا تھا جبکہ دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد بھارت کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی۔