نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی شہر متھرا میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پرتشدد حالات میں بدل گیا، مشتعل مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں ایس ایچ او اور ایس پی سمیت اکیس افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس اہلکاروں نے جواہر باغ میں غیر قانونی قابضین کو ہٹانے کی کوشش کی، تین ہزار سے زائد قابضین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پھر فائر کھول دیے۔
واقعے میں ایس پی اور ایس ایچ او سمیت اکیس افراد مارے گئے، جبکہ دو درجن پولیس اہلکاروں سمیت پچاس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جھڑپوں کے دوران سیلنڈر دھماکا شہریوں کی ہلاکت کا سبب بنا۔
پولیس نے دو سو پچاس افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی۔