گوہاٹی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست آسام میں مقامی قبائل کی مسلح تنظیم نے حامی جماعت کو ووٹ نہ دینے پر مزید 10 مسلمانوں کو قتل کردیا جس کے نتیجے میں گزشتہ 3 روز میں جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست آسام کے ضلع کوکراجھار اور باسکا میں آباد مسلمانوں کے خلاف گزشتہ 3 روز سے مسلح کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی باسکا کے علاقے نارائن گڑی سے مزید 8 لاشیں ملی ہیں جن میں 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ کاگراباری سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
یہ تمام کے تمام افراد مسلمان ہیں، جس کے بعد گزشتہ 3 روز کے دوران دونوں اضلاع میں ہلاک کئے گئے مسلمانوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔ انتہا پسندوں کی جانب سے مسلسل کارروائیوں کے بعد نارائن گڑی کے مکین مسلمان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے جبکہ حکومت نے متاثرہ علاقے میں گشت کے لئے فوج کی مدد حاصل کرلی اور مرکز سے نیم فوجی دستوں کی 10 کمپنیاں بھی طلب کی گئی ہیں جبکہ علاقے میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔