اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ سے فوج کی توجہ ہٹانا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثر ہوا تاہم پاکستان کی حکومت اور عوام دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کی اس عفریت سے جلد چھٹکارا پالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جاری ہے لیکن بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کے اطراف کے شہری علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کرکے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے فوج کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور نام نہاد دہشت گردوں کی کشی تباہ کرنے کا بھارتی الزام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان مشترکہ ثقافت، تاریخ اور مذہب کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون بھی کر رہے ہیں لہٰذا بھارت دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے سے باز رہے۔