راولپنڈی (جیوڈیسک) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے سپاہی عاصم اقبال کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں میں ادا کر دی گئی۔ شہید کی ماں اپنے دوسرے لخت جگر کو بھی وطن پر قربان کرنے کو تیار ہیں۔ سپاہی عاصم اقبال کی ماں کو اپنے شہید بیٹے پر فخر ہے۔ یہ باہمت ماں کہتی ہے ارض پاک کے لیے ضرورت پڑی تو اپنے پانچوں بیٹے قربان کر دے گی۔
ہفتے کی صبح لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی عاصم اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔ عاصم اقبال کے بوڑھے باپ کا کہنا ہے کہ یہ جذبہ حب الوطنی اور شوق شہادت ہی تھا کہ شہید نے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔
عاصم اقبال شہید کو راولپنڈی میں واقع ان کے آبائی گائوں چھاوڑاں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ شہید کی قبر پر صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف اور پاک فوج کے دیگر اعلی افسروں کی جانب سے پھول بھی چڑھائے گئے۔