بھارتی فائرنگ سے شہید ہونیوالے حوالدار ناصر حسین کو سپرد خاک کر دیا گیا

Nasir Hussain - Funeral Prayer

Nasir Hussain – Funeral Prayer

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس میں پاک فوج کے حوالدار ناصر حسین اور ایک خاتون شہید ہو گئی۔ حوالدار ناصر حسین کو آبائی علاقے نارووال میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے حاجی پیر، نکیال اور جندروٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے 40 سالہ فاطمہ بی بی شہید ہوگئی جبکہ 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ اس سے پہلے حاجی پیر سیکٹرمیں بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کا حوالدار ناصر حسین شہید ہوا جس کا تعلق نارووال سے تھا۔

حوالدار ناصر حسین کا جسد خاکی جب ان کے آبائی گاؤں فصیح پور نارووال پہنچا تو باہمت اہلخانہ اور بڑی تعداد میں جمع ہونے والے افراد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شہید کا استقبال کیا۔

شہید حوالدار ناصر حسین کی نماز جنازہ میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور پاک فوج کے افسران سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔