بھوپال (جیوڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع اجین کی تحصیل بڑنگر کے لوہانا کیسور روڈ پر پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں معمول کے مطابق کام جاری تھا۔
کہ اچانک وہاں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے وقت فیکٹری میں 20 سے زائد افراد کام کررہے تھے جن میں سے 15 ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 5 کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، ہلاک ہونے والوں میں 12 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔