لاہور (جیوڈیسک) جذبہ خیر سگالی کے طور پر رہا کیے گئے 337 بھارتی ماہی گیر قیدیوں کو آج واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالہ کیا جائے گا، گزشتہ روز کراچی کی ملیر جیل سے 338 بھارتی ماہی گیر قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ پاکستان اور بھارت میں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر ہر سال متعدد ماہی گیر گرفتار کیے جاتے ہیں۔
سمندر کا سینہ چاک کرکے اپنی روزی کی تلاش میں نکلنے والے پاکستانی اور بھارتی ماہی گیر سائنسی آلات کی کمی اورموسمی تغیرات کی وجہ سے اکثر اپنے ملک کی حدود سے نکل جاتے ہیں اور خلاف ورزی پرمیرین فورسز ان کو دھر لیتی ہیں۔
گزشتہ روزجذبہ خیرسگالی کے تحت کراچی کی ملیر جیل سے 338 بھارتی ماہی گیر قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ان بھارتی ماہی گیروں کو ستمبر 2012 سے اپریل 2013 کے درمیان سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔ جمعہ کی صبح سپریٹنڈنٹ ملیر جیل شجاع علی حیدر کی موجودگی میں 338 بھارتی ماہی گیروں کو 8 بسوں میں سوار کرکے لاہور روانہ کردیا گیا جہاں سے وہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت جائیں گے۔