کراچی (جیوڈیسک) بھارتی دارالحکومت دلی میں پی آئی اے آفس پر انتہاپسند ہندئوں کے حملے کے باوجود پی آئی اے انتظامیہ نے بھارت کیلئے پروازیں معمول کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دلی میں پی آئی اے آفس پر حملے کے واقعہ پر غورکیلئے پی آئی اے انتظامیہ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ایئرلائن کے ہیڈ آفس کراچی میں ہوا۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق اجلاس میں بھارت کیلئے پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورکل جمعہ کو لاہور سے دلی جانے والی پرواز پی کے 270 مقررہ وقت پر معمول کے مطابق روانہ ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے دلی آفس میں صورتحال بہتر ہوگئی ہے ،حملے کے بعد مقامی پولیس نے بروقت کارروائی کی جبکہ بھارت میں تعینات پی آئی اے کے عملے نے بھی پروازیں جاری رکھنے کی سفارش کی ہے ،پی آئی اےکراچی اور لاہور سے بھارتی شہروں بمبئی اوردلی کیلئے ہفتہ وار چار پروازیں چلاتی ہے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی رابطہ صرف پی آئی اے کے ذریعے ہی برقرار ہے ، کوئی بھارتی ایئرلائن پاکستان نہیں آٓتی۔