بھارت میں سیلاب کے نتیجے میں 650 افراد ہلاک، لاکھوں افراد بے گھر

Flood in India

Flood in India

اڑیسہ (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست اڑیسہ میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 650 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ہزاروں فوجی اور سرکاری اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق آٹھ اگست سے جاری سیلابی صورتِ حال بتدریج خراب ہو رہی ہے اور اب تک لاکھوں افراد گھر بار زیرِ آب آنے کے باعث بے گھر ہوچکے ہیں۔

ریاست میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے صورتِ حال مزید خراب ہونے اور مزید علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

مسلسل بارش کے باعث امدادی سرگرمیوں میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران ریاست میں آنے والا یہ بدترین سیلاب ہے۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ مسلسل بارش کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جب کہ ڈیموں میں پانی کا لیول خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔

پانی کی سطح میں اضافے کے باعث ریاست میں درجنوں ڈیموں اور پانی کے دیگر ذخیروں کے دروازے کھولنا پڑے ہیں جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔

ریاست میں فوج اور کوسٹ گارڈز کے درجنوں ہیلی کاپٹر شدید بارش کے باوجود متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے اور امدادی سامان پہنچانے میں مصروف ہیں۔

سیلاب کے باعث ریاست میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور سیکڑوں دیہات اور قصبوں کا رابطہ باقی ملک سے منقطع ہے۔