بھارت میں عام انتخابات کا کل سے آغاز

Election

Election

نئی دہلی(جیوڈیسک) بھارتی انتخابات کل سے شروع ہورہے ہیں ، 81 کروڑ سے زائد ووٹرز مختلف مرحلوں میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، بارہ مئی کو انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد 16 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

سروے رپورٹس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی برتری لینے میں کامیاب نظر آتی ہے لیکن حکومت بنانے کے لیے اسے بھی اتحاد کی طرف جاناپڑے گا۔ بھارت کے عام انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے تین بڑی جماعتیں الگ الگ ایجنڈے پر ووٹ مانگ رہی ہیں ، مسلسل دوبار حکومت کرنیوالی کانگریس اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر ووٹ کی طلب گار ہے۔

سب سے مضبوط امیدوار ، بھارتیہ جنتا پارٹی کا سب سے بڑا نعرہ پاکستان مخالف جذبات کی بنیاد پرووٹ لینا ہے اورعام آدمی پارٹی ، عام آدمی کے مسائل کی بنیاد پرالیکشن لڑرہی ہے، لیکن سارے الیکشن میں بھارتی ریاست اترپردیش کا کردار کنگ میکر کاہوگا ، صرف اس ایک ریاست کی آبادی دنیا کے کتنے ہی ملکوں سے زیادہ ہے ، اکیس کروڑ آبادی کی ریاست ، اب تک کے پندرہ انتخابات میں بھارت کو نو وزیراعظم دے چکی ہے اور نیا وزیراعظم بھی اسی ریاست سے منتخب ہوگا کیوں کہ نریندر مودی ، راہول گاندھی اور اروند کیجریوال بھی اسی ریاست سے حصہ لے رہے ہیں۔

ایک بھارتی سروے کے مطابق اتر پردیش کی 80 نشستوں میں سے بی جے پی کا 53 نشستیں جیتنے کاامکان ہے، جبکہ کانگریس صرف سات نشستیں ہی جیت سکے گی، 543 مجموعی نشستوں میں سادہ اکثریت کے لیے درکار 273 نسشتوں کیلئے کوئی جماعت اکیلے ہدف حاصل کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

لیکن سروے رپورٹ کے مطابق بے جے پی اور اس کا اتحاد بتیس فیصد ووٹوں کے ساتھ دو سو انسٹھ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا، جبکہ کانگریس اوراتحادی جماعتیں 27 فیصد ووٹوں کے ساتھ 123 نشستیں حاصل کرسکیں گے، بھارت میں بسنے والے گیارہ کروڑ مسلمان ووٹرز کل ووٹرز کا 13 فیصد ہیں، نئی دلی کی مسجد کے شاہی امام کانگریس کی حمایت کااعلان کرچکے ہیں۔