نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کا سلسلہ ایک بار پھر زور پکڑتا جارہا ہے جہاں تازہ واقعے میں بنگلور کی 19 سالہ نرس کو چلتی بس میں درندگی کا نشانہ بنادیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور میں صبح کے وقت 19 سالہ نرسنگ اسسٹنٹ اسپتال جانے کے لیے بس میں سوار ہوئی تو بس ڈرائیور نے گاڑی کنڈیکٹر کے سپرد کرکے چلتی بس میں لڑکی کو اپنی حوس کا نشانہ بنا ڈالا تاہم واقعے کا علم ہوتے ہی پولیس نے بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو گرفتار کرلیا جب کہ متاثرہ لڑکی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق وہ بس میں اکیلی ہی سوار تھی اور ڈرائیور نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بس کا روٹ تبدیل کیا اور اسے کنٹریکٹر کے حوالے کرکے چلتی بس میں اپنی حوس کا نشانہ بناکر نیچے پھینک دیا۔ لڑکی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال پہنچی جہاں ڈاکٹرز نے واقعے سے پولیس کو آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں 23 سالہ طالبہ کو چلتی بس میں درندگی کا نشانہ بنایا گیا تھا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئی تھی جب کہ واقعے کے خلاف بھارت بھرمیں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔