ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ دبنگ اسٹار سلمان خان نے ایدھی فاؤنڈیشن میں گزشتہ 13 سال سے قیام پذیر بھارتی لڑکی گیتا کی دیکھ بھال پر کہا ہے کہ بھارت کو عبدالستار ایدھی کا شکر گزار ہونا چاہیئے۔
سلمان خان کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ سب کو پاکستانی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن اوراس کو چلانے والے عبدالستار ایدھی کا شکر گزار ہونا چاہیئے کہ انہوں نے 13 سال کے ایک طویل عرصے تک گیتا کی دیکھ بھال کی اوراسے ایک بہترزندگی فراہم کرنے کا موقع دیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بھارت میں سب کو اس حقیقت کو قبول کرنا چاہیئے کہ پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن نے ایک بھارتی لڑکی کو اچھے اندازمیں رکھا لیکن گیتا کو بہترین زندگی بھارت میں بھی مل سکتی ہے اوراس کا پاکستان سے بھی اچھا خیال رکھا جائے گا کیونکہ وہ ایک بھارتی ہے اور اس کے اہل خانہ اور دوست یہاں ہیں۔
سلمان خان نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ بحیثیت بھارتی شہری گیتا کے اہلخانہ کو تلاش کیا جانا چاہیئے تاہم اگر گیتا مجھ سے ملنا چاہتی ہے تو مجھے بھی اس سے مل کر بہت خوشی ہوگی۔
واضح رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن میں موجود بھارت سے تعلق رکھنے والی گیتا قوت گویائی اور سماعت سے محروم ہے اور وہ 7 سال کی عمر میں واہگہ اسٹیشن پر اپنے پیاروں سے بچھڑ گئی تھی۔