احمد آباد (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست گجرات میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 11 افراد ہلاک ہو گئے، 50 کے قریب افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ 3 افراد کوملبے سے نکال لیا گیا ہے۔ ریاست گجرات کے شہر ودودارا Vadodara میں آج صبح 14 فلیٹوں پر مشتمل رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی، جس میں اب تک 11 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے اور عمارت کے ملبے میں 40 سے 50 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور اب تک 3 افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کے 45 منٹ بعد ہی متاثرہ عمارت سے متصل دوسری عمارت بھی گر گئی تاہم یہ عمارت پہلے ہی خالی کرائی جا چکی تھی۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارتوں کی حالت بہت خستہ تھی۔ حکام سے بار بار اس کی شکایت کی گئی لیکن کسی نے توجہ نہ دی۔