آسام (جیوڈیسک) مشرقی ہندوستان میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب پیدا ہونے سے رواں ہفتے میں ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ لاکھوں افراد سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سیلاب کے باعث دریاؤں کا پانی شمال مشرقی ریاست آسام کے دیہاتوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران اس علاقے میں اب تک 26 ہلاکتیں وقوع پذیر ہوچکی ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث صورتحال سنگین ہے اور تقریباً 36 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرینِ سیلاب کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کاروائیاں جاری ہیں۔
سیلاب متاثرین کے لیے ہائی ویز اور بالائی علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مون سون بارشوں کے باعث سیلاب اور تودے گرنے سے ہندوستان اور اس کے پڑوسی ممالک نیپال اور بنگلہ دیش میں ہر سال متعدد افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ نیپال میں بھی رواں سال سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 90 سے زائد افراد ہلاک، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔