نئی دلی (جیوڈیسک) یوں تو بھارت کے کئی مندر سونے سے بھرے ہوئے ہیں لیکن بھارتی ریاست کیرالا کے دارالحکومت تریوینڈرم میں واقع پدمنا بھسوامی نامی مندر تو سونے سے کچھ زیادہ ہی مالا مال ہے اسی لیے کچھ لوگوں نے اس سونے پر ہاتھ صاف کرلیا ہے اور اس کا انکشاف ایک آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا جس میں پتا چلا کہ مندر سے 266 کلو گرام سونا غائب ہوچکا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے مندر کے گزشتہ 25 سال کے اکاؤنٹس اور جائیداد سے متعلق اعداد و شمار کے آڈٹ کرنے کے لیے سابق آڈیٹر جنرل ونود رائے کو حکم دیا گیا جس پر مندر کے تمام اکاونٹس کا مکمل جائزہ لیا گیا اوراس کی جائزہ رپورٹ میں انکشاف ہوا پدمنا بھسوامی کےمندر میں موجود 893 کلو میں سے 266 کلو سونا غائب ہوچکا ہے جب کہ اس میں موجود سونے سے بنی ہوئی مختلف اشیا کو مرمت کے لیے مندر سے باہر بھیجا گیا تھا اور ان کا بھی کچھ پتا نہیں چلا کہ وہ کہاں ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مندر کی اشیا کی مرمت کا کام مندر کے مہا پنڈت نے دیا تھا اسی لیے اشیا کے غائب ہونے سے متعلق بھی ان ہی سے پوچھا جائے۔ سپریم کورٹ نے رپورٹ کے بعد 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو اس تمام واقعے کی تحقیقات کرے گی۔