بھارت میں تاریخ کے سب سے بڑے اور شفاف انتخابات ہوئے، اوباما

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے بھارت میں انتخابات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن نئی بھارتی حکومت کیساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ بھارت نے تاریخ کے سب سے بڑے جمہوری انتخابات منعقد کرکے ایک تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نئی دہلی میں بننے والی نئی حکومت کیساتھ قریبی تعلقات قائم کرنا چاپتا ہے۔ اس سے قبل امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کامیاب انتخابات کے انعقاد پر بھارت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں منعقد ہونے والے انتخابات انسانی تاریخ کے سب سے بڑے، صاف اور شفاف انتخابات تھے جس میں 55 کروڑ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات جمہوری عمل کے اظہار کا متاثر کن مثال تھے۔ انتخابات کے بعد بھارتی ایگزٹ پولز کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ نریندر مودی بھارت کے اگلے متوقع وزیر اعظم ہوں گے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی کو اس وقت عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ان کے دور میں گجرات میں ہندو مسلم فسادات کے دوران ایک ہزار سے زائد افرد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد امریکا اور یورپی یونین نے انہیں ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا تھا، لیکن اس سال فروی میں اس معاملے پر پیش رفت ہوئی جب بھارت میں اْس وقت کی امریکی سفیر نینسی پاول اور مودی کے درمیان ملاقات کے بعد امریکا نے ان پر ویزا پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔